ناسک یکمدسمبر(ایس او نیوز؍یو این آئی) کروڑوں روپے کے اسٹامپ پیپر گھپلہ معاملہ کے اہم ملزم عبدالکریم تیلگی سمیت تمام آٹھ ملزمین کو آج ناسک کی ایک عدالت نے بری کردیا۔یہ فیصلہ تیلگی کی موت کے ایک سال سے زیادہ وقت کے بعد آیا ہے ۔ میننجائٹس کی جان لیوا بیماری سے متاثر تیلگی کی26اکتوبر2017کو بنگلور کے ایک سرکاری اسپتال میں موت ہوگئی تھی۔ضلع جج پی آر دیش مکھ نے اس معاملے میں فیصلہ سناتے ہوئے ثبوتوں کے فقدان میں تیلگی سمیت تمام آٹھ ملزمین کو بری کردیا۔تیلگی کو نومبر2001میں راجستھان کے اجمیر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کو گھپلہ کے الزام میں سال2006میں تیس سال کی سزا دی گئی تھی۔ اس پر 202کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔عدالت نے تیلگی کے علاوہ برج کشور تیواری، رام بھاو پوار، محمد سرور، پرمود ڈہاکے ، گیان دیو وارکے اور ولاس مورے کو بھی بری کردیا۔ اس معاملے میں ریلوے سکیورٹی فورس کے افسر اور ملازم بھی ملو ث تھے ۔بیس ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے اسٹامپ پیپر گھپلے کا آغاز1999 کی دہائی کے اوائل میں ہوا ۔ تیلگی پر فرضی اسٹامپ پیپر چھاپ کر فروخت کرنے کا الزام لگایا گیا ۔ تیلگی کے خلاف معاملے تو 1995میں ہی درج ہوگئے تھے لیکن گرفتاری 2001میں ہوئی۔